نواز، مودی ملاقات کے حقائق پوشیدہ رکھنا قوم سے زیادتی ہے: شجاعت
لاہور (این این آئی) ق لیگ کے صدر سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نوازشریف وزیراعظم ہونے کے حوالے سے پبلک پراپرٹی ہیں، وزیراعظم کا ہر فعل چاہے ذاتی ہو یا سرکاری عوام ان سے پوچھنے کا حق رکھتے ہیں، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ بھارتی وزیراعظم خاموشی سے پاکستان آئیں اور چلے جائیں، اس ملاقات کے حوالے سے قوم کو آگاہ کیا جائے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ یہ بات ماننے والی نہیں کہ مودی صرف کیک کاٹنے آئے تھے، اگر وہ کیک کاٹنے ہی آئے تھے تو نوازشریف کو چاہئے تھا کہ پہلے وہ قائداعظمؒ کی سالگرہ کا کیک کٹواتے، نواز مودی ملاقات کے حقائق چھپانا قوم سے زیادتی ہے۔ نوازشریف نریندر مودی ملاقات کے بعد مراسلہ جاری نہ کرنے سے شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں، ڈیڑھ سو بھارتی شہری بغیر ویزہ لاہور میں پھر رہے تھے یہ کہاں کی سکیورٹی ہے اس میں کہاں کا ملکی مفاد ہے۔