حکمرانوں کی نااہلی، بے حسی کے باعث ملک اور قوم بحرانوں کا شکار ہے: سراج الحق
لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی اور بے حسی کی وجہ سے ملک اور قوم بحرانوں کا شکار ہے، عوام پر بھوک، افلاس اور خوف کاسایہ ہے، پورا نظام یرغمال ہے، سیاست، جمہوریت اور معیشت پر قابض اشرافیہ عام آدمی کو عزت سے زندہ رہنے کا حق دینے کو تیار نہیں، عوام کو تعلیم، صحت، روزگار اور چھت کی سہولت دینا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے مگر حکمران آئین کی صرف ان دفعات کو مانتے ہیں جن میں انکے وسیع اختیارات کی بات ہو ،ہم جمہوری طریقے سے تبدیلی چاہتے ہیں مگر الیکشن کمیشن کا غیر سنجیدہ رویہ جمہوریت کش ہے، انتخابات کروڑوں اور اربوں کا کھیل ہے جو عام آدمی کے بس کی بات نہیں، جب تک عام آدمی کو اقتدار کے ایوانوںمیں نہیں پہنچا لیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے ارکان کے اجتماع سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ تین سال میں حکمرانوں نے عام آدمی کو درپیش تعلیم، صحت، روزگار، مہنگائی اور بدامنی کے مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں لوگ پس کر رہ گئے۔ ملک کی 70 فیصد آباد ی کو پینے کیلئے صاف پانی تک میسر نہیں، بجلی اور گیس کے بل دینے کے بعد غریب کے پاس چولہا جلانا ممکن نہیں رہا لیکن حکمران عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے دن رات زمین و آسمان کے قلابے ملاتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا انتخابات سے پہلے الیکشن کمشن نے انتخابی اصلاحات کرنے اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کروانے کیلئے کوئی ٹھوس لائحہ عمل نہ بنایا تو جو 25، 30 فیصد لوگ ووٹ ڈالتے ہیں وہ بھی اپنے گھروں سے نہیں نکلیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ کارکنان 2018ء کے انتخابات کو ہدف بنا کر ملک بھر کے شہروں، دیہاتوں گوٹھوں اور گائوں کے گلی محلے تک پہنچیں اور عوام کی گردنوں پر مسلط ظالم و جابر اور کرپٹ ٹولے سے چھٹکارا دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ دریں اثنا سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ کا اجلاس پرسوں یکم جنوری کومنصورہ میں طلب کر لیا۔ اجلاس تین دن جاری رہیگا جس میں موجودہ ملکی و عالمی صورتحال پر غور کیا جائیگا۔ شوریٰ کے اجلاس سے قبل 31 دسمبرکو مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہو گا۔