• news

مریدکے: 30 افغان باشندے، نادرا پاسپورٹ آفس کے افسر گرفتار

مریدکے (نامہ نگاران) مریدکے میں انٹیلی جنس رپورٹس پر پولیس اور ایلیٹ فورس کا بھاری نفری کے ہمراہ غیرقانونی طور پر انسانی سمگلنگ میں ملوث افغانوں کے خلاف اپریشن، 30 افغان باشندے گرفتار۔ ڈی پی او شیخوپورہ سہیل ظفر چٹھہ کے حکم پر انٹیلی جنس رپورٹس پر سٹی پولیس کے انچارج عمر شیراز نے پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری کے ہمراہ منگل کی سہ پہر افغانستان کے صوبہ خوست، کنہڑ اور جلال آباد سے تعلق رکھنے والے 30 ایسے افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا جب وہ مریدکے نادرا آفس میں اپنے شناختی کارڈ بنوا رہے تھے جن کی نشاندہی پر ظفر پارک سے کرائے کے مکان میں مقیم دیگر 26 افغانوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا جنہوں نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ نادرا اور پاسپورٹ آفس کی ملی بھگت سے 10 ہزار روپے فی کس شناختی کارڈ کی فیس دیکر وہ اپنے ساتھیوں کو سعودی عرب اور دیگر ممالک میں شفٹ کرتے تھے جو دہشت گردی، منشیات سمگلنگ کا مکروہ دھندہ کرتے تھے۔ ان کے ساتھ نادرا آفس مریدکے کا آفیسر اور پاسپورٹ آفس کا آفیسر ملوث تھا۔ اب تک وہ درجنوں افغانوں کو غیرقانونی طور پر باہر بھیج چکے ہیں۔ انٹیلی جنس اداروں نے نادرا اور پاسپورٹ افسروں کو بھی گرفتار کر لیا ہے جن سے تفتیش کے بعد مزید انکشافات کی توقع ہے۔ پولیس کرائے پر دیئے گئے مکان کے مالک کو گرفتار کرنے کیلئے بھی چھاپے مار رہی ہے۔ گرفتار افغانوں سے تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کو جلد ہی افغانستان ڈیپورٹ کر دیا جائے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن