لاکھوں کی وارداتیں جوڑے کولوٹنے کی کوشش مزاحمت پر حاملہ خاتون قتل
لاہور + فیروزوالا (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر سامان سے محروم کر دیا گیا، کئی راہگیر بھی لٹ گئے جبکہ سندرداس روڈ پر ڈاکوئوں نے میاں بیوی کو لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے حاملہ خاتون کو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق مغلپو رہ کے علاقہ میں شالیمار لنک روڈ پر واقع خورشید عالم کی دکان سے16لاکھ، رائیونڈ میں عامر اقبال کی فلور مل کے دفتر سے 9لاکھ ، مناواں لکھوڈیئر میں شوکت کی دکان سے7لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان چوری کرلیا گیا۔ ڈاکوؤں نے فیصل ٹائون میں عظیم سے5لاکھ، ڈیفنس اے میں حسن ظہیر سے ایک لاکھ روپے اور موبائل فون،اسلام پو رہ میں ذوالفقار سے95ہزار روپے اورموبائل فون، نواب ٹائون میں عمران سے83 ہزار اور موبائل فون،کاہنہ میںساجد سے 73 ہزار اور موبائل فون،سبزہ زار میں حبیب اور اس کی فیملی سے 64 ہزار اور موبائل فون، کاہنہ میں ساجد سے 62ہزار روپے اور موبائل فون، جوہر ٹائون میں اصغر سے 42ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے لٹن روڈ سے ایاز،گلشن راوی سے مجسم، سبزہ زارسے احسان، ستوکتلہ سے انیس، جوہرٹائون سے عباس کی کاریں جبکہ شاہدرہ سے عابد،گجرپورہ سے محسن، مزنگ سے شہباز،گلشن راوی سے مقصود،ساندہ سے نعیم، باغبانپورہ سے کاشف،لیاقت آباد سے بابر،کاہنہ سے ریاض، کوٹ لکھپت سے اسد علی کی مو ٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ ادھر سندرداس روڈ پر حاملہ خاتون آمنہ اپنے شوہر کے ہمراہ جا رہی تھی کہ ڈاکوئوں نے خاتون اور اسکے شوہر کو روک لیا اور لوٹنے کی کوشش کی، مزاحمت پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی جس سے خاتون دم توڑ گئی۔ ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ادھر فیروزوالا میں فیض پور کے علاقے میں چوروں نے طارق محمود کی دکان میں گھس کر قیمتی سامان چوری کر لیا اور بچ جانے والے سامان کو آگ لگا دی، جو جل کر تباہ ہو گیا۔ ڈاکوئوں نے محمد آصف اور اسلم کو روک کر لوٹ لیا۔ جاوید نگر کے قریب ڈاکوئوں نے چلتی گاڑی سے لاکھوں روپے کا کپڑا اتار کر چوری کر لیا۔ حافظ شعیب اور ادریس کی موٹر سائیکلیں چوری ہوگئیں۔علاوہ ازیں جاں بحق حاملہ خاتون کے بچے کو بچا لیا گیا اور آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے، جاں بحق خاتون 9ماہ کی حاملہ تھی، ڈاکوئوں نے مزاحمت پر فائرنگ کی گولی خاتون کے سر میں لگی۔