• news

نئی دہلی:ایران اوربھارت نے اقتصادی تعاون کے جامع سمجھوتے پر دستخط کردیئے

تہران (اے پی پی) ایران اوربھارت نے اقتصادی تعاون کے جامع سمجھوتے پر دستخط کردئیے۔ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روزنئی دہلی میں ایران کے وزیر خزانہ علی طیب نیا اوربھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اقتصادی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کئے اس سمجھوتے میں دونوں فریقوں نے توانائی ، انفراسٹرکچر، بنکنگ، تجارت اور سیاحت جیسے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ ایران کے وزیر خزانہ نے وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سمجھوتے پر دستخط، ایران اور بھارت کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کے میدان میں اہم قدم ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت ایران کی چابہار بندرگاہ کی توسیع اور وسطی ایشیاء تک پہنچنے کے لئے ریلوے لائن بچھانے میں تعاون کا خواہش مند ہے۔ واضح رہے کہ ایران کے وزیر خزانہ علی طیب نیا ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ جمعہ کو نئی دہلی پہنچے تھے - انھوں نے بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج سے بھی ملاقات کی اور باہمی، علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن