گوادر: آکڑا ڈیم خشک، پانی کا ٹینکر 15 ہزار کا ہو گیا
گوادر+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) گوادر میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا آکڑا ڈیم خشک ہو گیا۔ ڈیم خشک ہونے سے گوادر، جیونی، سربندر اور پشکان کے لوگ بوند بوند پانی کو ترسنے لگے۔ متعدد اہل علاقہ نے دوسرے شہروں کی جانب نقل مکانی کی تیاریاں شروع کر دیں، بارشیں نہ ہونے اور طویل خشک سالی کے باعث فلٹر واٹر کمپنیوں اور ٹینکر مافیا کی چاندی ہو گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گوادر میں پانی کا ایک ٹینکر 12 سے 15 ہزار میں فروخت ہو رہا ہے۔ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارتی نے سمندری پانی کو میٹھا کرنے کیلئے 98 کروڑ روپے سے ڈی سالینیشن پلانٹ لگایا تھا جو اب تک فعال نہیں ہو سکا۔ ڈپٹی کمشنر گوادر عبدالحمید ابڑو نے بتایا کہ ایک ندی سے پانی منگوا کر شہریوں کو دے رہے ہیں لیکن یہ ناکافی رہتا ہے۔ دوسری جانب حکومت گوادر اور اس کے گردونواح کے علاقوں کو سملی ڈیم سے پانی فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ منصوبے کے تحت گوادر کو 6.5 ایم ڈی جی پانی فراہم کیا جائے گا۔