• news

لشکر طیبہ کے عسکریت پسند وزیراعظم پارلیمنٹ اور فوجی ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنا سکتے ہیں: بھارتی خفیہ اداروں کا دعویٰ

سرینگر(کے پی آئی)بھارتی خفیہ اداروں نے مقبوضہ کشمیر سمیت بھارت کی مختلف ریاستوں کو تازہ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے سال کی آمد پر لشکر طیبہ کے عسکریت پسند بڑے پیمانے پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں خفیہ اداروں کے مطابق دراندازی کر کے 15 سے 20 عسکریت پسند اس طرف آنے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور مذکورہ عسکریت پسند وزیراعظم،پارلیمنٹ کے علاوہ فوجی ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ایک بھارتی اخبار کے مطابق انٹیلی جنس بیورو نے جموں و کشمیر سمیت ملک کی تمام ریاستوں کو تازہ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ لشکر طیبہ کے 15سے 20 عسکریت پسند اس طرف آنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق خفیہ اداروں نے الرٹ میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر سمیت ملک کی مختلف ریاستوں میں لشکر طیبہ کے عسکریت پسند نئے سال کی آمد پر پولیس و فورسز کو نشانہ بنا سکتے ہیں معلوم ہوا ہے کہ خفیہ اداروں نے بھارتی حکومت کو بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عسکریت پسند بھارتی وزیراعظم کے علاوہ پارلیمنٹ اور فوجی ہیڈ کوارٹرز کو بھی نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔خفیہ ذرائع کے مطابق ریاست جموں و کشمیر میں موجود ایجنسیوں کو بھی اس ضمن میں آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نئے سال کی آمد پر پولیس و فورسز کو چوبیس گھنٹے متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ حساس عمارتوں پر پولیس و فورسز کی تعیناتی میں اضافہ کرنا ناگزیر بن گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن