این اے 122: بدانتظامی میں ملوث کسی شخص کا احتساب نہیں کیا گیا: عمران
لاہور(نوائے وقت نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن پنجاب نے این اے 122 کی علیم خان کی پٹیشن میں پیش نہ ہوکر مسلم لیگ ن کا نمائندہ ہونے کا ثبوت دے دیا ہے۔ عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ انصاف میں تاخیر انصاف نہ دینے کے مترادف ہے، این اے 122 کے دھاندلی کیس میں ایک لاکھ 84 ہزار میں سے 53 ہزار جعلی ووٹوں کا فیصلہ لینے میں دو سال لگے۔ ابھی تک کسی کو سزا نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ این اے 122 کی بد انتظامی میں ملوث کسی فرد کا الیکشن کمشن کی جانب سے احتساب بھی نہیں کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ اب علیم خان نے 122 میں دھاندلی کا نیا طریقہ بے نقاب کیا ہے۔ الیکشن کمشن سمجھ لے عوام قبل از وقت دھاندلی کو قبول کرنے کو تیار نہیں۔ دریں اثنا ذرائع کے مطابق عمران خان کی زمان پارک میں رہائشگاہ کا پراپرٹی ٹیکس 14207 روپے بنتا ہے جو ابھی تک ادا نہیں کیا گیا جس پر عمران خان سے سرچارج کے ساتھ ٹیکس وصول کیا جائیگا۔