مردان خودکش حملے کے شہدا سپرد خاک‘ فضا سوگوار‘ 70 مشتبہ افراد گرفتار
مردان (آئی این پی+نوائے وقت نیوز) مردان میں نادرا آفس کے گیٹ پر خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کو سپردخاک کر دیا گیا، شہر کی فضا سوگوار ہے نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ دھماکے کی ایف آئی آر محکمہ انسداد دہشت گردی نے درج کر لی۔ دوسری جانب واقعہ کی تحقیقات کیلئے تشکیل دی گئی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرلئے۔ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کر لئے گئے۔ حملہ آور کے زیر استعمال موٹرسائیکل کا انجن اور چیسز نمبرحاصل کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق موٹرسائیکل کسی بھی شخص کے نام پر رجسٹرڈ نہیں ۔ خود کش بمبار کے اعضاء ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھیج دیئے گئے۔ دوسری جانب مردان اور پشاور کے ہسپتال میں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں 12 زخمی لائے گئے تھے جن میں سے پانچ کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ دوسری جانب امریکہ نے مردان میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع کسی صورت قبول نہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے بریفنگ میں کہا کہ پاکستانی عوام محفوظ اور خوش حال ملک کے خواہاں ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ بی بی سی کے مطابق خودکش دھماکے بعد پولیس نے علاقے میں آپریشن کر کے مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ نادرا کی جانب سے تیس لاکھ روپے کا امدادی چیک مردان خود کش حملے میں شہید سیکورٹی گارڈ پرویز خان کے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔ چیئرمین طارق مبین نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور خود کش حملہ آور کو روکنے والے شہید سکیورٹی گارڈ پرویز خان کے گاؤں بخشالی بھی گئے، شہید سکیورٹی کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور نادرا کی جانب سے تیس لاکھ روپے مالیت کا امدادی چیک حوالے کیا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختون خوا ناصر خان درانی نے صوبائی حکومت کو مردان میں خودکش بمبار کا نادرہ آفس کے اندر گھسنے کی کوشش ناکام بنانے والے سیکورٹی گارڈ پرویز کو اعلیٰ ترین قومی سول ایوارڈ دینے کی سفارش کی ہے۔