• news

پاکستان ہاکی فیڈریشن‘ مسرت اللہ کو نوازنے کیلئے آئین میں تبدیلی کا منصوبہ تیار

لاہور (حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن میں اپنے من پسند افراد کو نوازنے کے لئے نئے عہدوں کی تخلیق پر تیزی سے کام جاری ہے۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق فیڈریشن کے ایک سابق سیکرٹری کو اہم عہدہ دینے کے لئے مشاورت کی جا رہی ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ایچ ایف کے سابق سیکرٹری مسرت اللہ اور فیڈریشن کے موجودہ صدر خالد سجاد کھوکھر کے قریبی دوست ہیں۔ دوستی نبھانے کے لئے مسرت اللہ کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ڈائریکٹر جنرل بنانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ مسرت اللہ ماضی میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ مسرت اللہ کے دور میں بھی ہاکی فیڈریشن کو مختلف تنازعات کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کے موجودہ صدر خالد سجاد کھوکھر کے ساتھ قریبی تعلق کی وجہ سے مسرت اللہ کو ایک مرتبہ پھر عملی طور پر پاکستان ہاکی فیڈریشن میں شامل کیا جا رہا ہے۔ خالد سجاد کھوکھر نے میرٹ پر کام کرنے کا دعوے کئے تھے لیکن جلد ہی ان کے دعوؤں کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے۔ انہوں نے اپنے قریبی دوستوں کو اہم عہدوں پر ذمہ داریاں دینے کے لئے ہاکی فیڈریشن کے آئین میں بھی تبدیلی کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ ہاکی فیڈریشن کے موجودہ آئین میں ڈائریکٹر جنرل کا کوئی عہدہ موجود نہیں ہے لیکن مسرت اللہ کو نوازنے کے لئے ہاکی فیڈریشن کے آئین میں بھی تبدیلی کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے علاوہ اس طرح کے دیگر نئے عہدے بنانے کے لئے بھی مشاورت کی جا رہی ہے۔ آئین میں تبدیلی کے لئے کانگریس کی منظوری ضروری ہوتی ہے۔ پی ایچ ایف کے موجودہ آئین میں ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔ دوسری طرف قمر ابراہیم نے کوچ کے عہدے سے مستعفی ہو کر پاکستان ہاکی فیڈریشن کی نئی انتظامیہ کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن