• news
  • image

مرکز اور صوبے بدامنی کے خاتمے کیلئے دیرپا پالیسی اپنائیں: سراج الحق

مردان (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مردان بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں۔ مردان میں بم دھماکہ کی پوری قوم کی جانب سے مذمت کرتے ہیں۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میڈیکل کمپلیکس میں بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان اور جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان بھی انکے ہمراہ تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں بم دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی عیادت کی اور انکی صحت یابی کیلئے دعا کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عوام کے جان مال کی حفاظت حکومت وقت کی آئینی و بنیادی ذمہ داری ہے اور ہم حکومت سے مطالبہ کرینگے کہ وہ عوام کے جان مال کی حفاظت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کی عیادت کے موقع پر معلوم ہوا کہ دھماکے میں ایک بچی بھی زخمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دھماکے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے انہوں نے کہاکہ بد امنی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت وقت کو بنیادی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ بدامنی اور دھماکوں میں پہلے کی نسبت بہت کمی آئی ہے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کیلئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرنا چاہئے اور بدامنی کے خاتمے کیلئے مرکزی اور صوبائی حکومتوں کو دیرپا اور مضبوط پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔ 

epaper

ای پیپر-دی نیشن