• news

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری شروع کردی

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری شروع کردی۔ فیڈرل بورڈآف ریونیو (ایف بی آر) نے بجٹ سازی کے لئے فیلڈ فارمیشنز اور متعلقہ اداروں سے بجٹ تجاویز مانگ لیں تاکہ آئندہ مالی سال کے لئے بجٹ سازی میں پارلیمنٹ کے کردار کو مزید بڑھایا جا سکے اور بجٹ تجاویز کا متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے ذریعے جائزہ لیا جاسکے جس کے لئے ایف بی آر کی جانب سے ایف پی سی سی آئی سمیت ملک بھر کے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدور کو مراسلہ بھجوایا گیا ہے جس میں ان سے بجٹ تجاویز مانگی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے مالی سال 2016-17ء کے وفاقی بجٹ اور وسط مدتی بجٹ فریم ورک کی تیاری کا شیڈول بھی تیار کرلیا ہے جس کے تحت تمام وزارتوں اور ڈویژنوں سے رواں مالی سال کے نظرثانی شدہ بجٹ تخمینہ جات بھی 16 فروری تک طلب کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو گائیڈ لائن، بجٹ پرفارمے اور دیگر دستاویزات بھجوائی ہیں۔ جن میں بجٹ تخمینہ جات اور وسط مدتی بجٹ فریم ورک کے فارم کی کاپیاں بھی بھجوائی گئی ہیں اور اس کے ساتھ فارمز کو پر کرنے کے لئے گائیڈ لائن بھی دی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن