ورلڈ فوڈ پروگرام ہنگامی صورتحال میں خوراک کی ضروریات کیلئے 42 کروڑ 27 لاکھ دیگا، ایم او یو پر دستخط
اسلام آباد (اے پی پی) ورلڈ فوڈ پروگرام پاکستان کو اقتصادی اور سماجی کے منصوبوں اور ناگہانی آفات سے پیدا ہونیوالی ہنگامی صورتحال میں خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے 42 کروڑ 27 لاکھ ڈالر سے زائد کی امداد فراہم کریگا۔ اس حوالے سے مفاہمت کا سمجھوتہ طے پا گیا ہے۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے قائم مقام کنٹری ڈائریکٹر سٹیفن گلوننگ نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی تقریب میں موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ہنگامی صورتحال میں پاکستان کے ساتھ گرانقدر تعاون کو سراہا اور کہا کہ اس ایم او یو ورلڈ فوڈ پروگرام کے پاکستان میں آئندہ کا پروگرام کا آغاز ہے جو یکم جنوری 2016ء سے 31 دسمبر 2018ء تک کے عرصہ پر محیط ہوگا۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کے کنٹری ڈائریکٹر نے حکومت پاکستان کو مسلسل تعاون کا یقین دلایا۔