2015ئ: ججز کی تقرریاں، ترقی، ریٹائرمنٹ، ہائیکورٹ میں ججوں کی سنیارٹی تبدیل ہو گئی
لاہور (ایف ایچ شہزاد سے) 2015ء میں 11 ججز کی تقرریوں، چار ججز کی ریٹائرمنٹ اور دو ججز کی سپریم کورٹ میں ترقی کے بعد لاہور ہائی کورٹ میں ججز کی سینارٹی تبدیل ہو گئی۔ سینارٹی تبدیل ہونے کے بعد لاہور ہائی کورٹ کی ایڈمنسٹریشن کمیٹی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس اعجازالاحسن، مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ، مسٹر جسٹس خالد محمود خان، مسٹر جسٹس شاہد حمید ڈار، مسٹر جسٹس محمد یاور علی، مسٹر جسٹس محمد انوار الحق اور مسٹر جسٹس سردار محمد شمیم خان پر مشتمل ہے۔ سال2015ء میں عدالت عالیہ میں ججز کی تعداد 55 ہو گئی جبکہ منظور شدہ ججز کی آسامیاں 60 ہیں۔ 2015ء میں 22 مئی کو جسٹس حافظ شاہد محمود کاہلوں جبکہ8جون کو جسٹس شاہد مبین، جسٹس سردار احمد نعیم، جسٹس مشتاق احمد تارڑ، جسٹس فرخ گلزار اعوان، جسٹس ارم سجاد گل، جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی، جسٹس اسلم جاوید منہاس، جسٹس شہرام سرور چوہدری، جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی تقرریاں کی گئیں۔ چار ججز کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس سردار طارق مسعود کی سپریم کورٹ میں بطور جج تقرریاں کی گئیں۔ لاہور ہائی کورٹ کے دو ججز مسٹر جسٹس خالد محمود خان 3 مئی اور مسٹر جسٹس محمود مقبول باجوہ 26 ستمبر 2016ء کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ موجودہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن 2022ء میں ریٹائر ہوں گے۔ 2017ء میں ایک، 2018ء میں سات، 2019ء میں دو، 2020ء میںدو، 2021ء میں چار، 2022ء میں پانچ، 2023ء میں تین، 2024ء میں چار، 2025ء میں تین، 2026ء میں چار، 2027ء میں دو، 2028ء میں نو، 2029ء میں پانچ جبکہ 2030ء میں تین ججز ریٹائر ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق 2016ء میں لاہور ہائی کورٹ میں ججز کی پانچ خالی آسامیوں پر تقرریاں کر کے تعداد پوری کر لی جائے گی۔