امن مذاکرات کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ پہلی شرط ہے: اشرف غنی
کابل (رائٹر) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ امن مذاکرات کے لئے دہشت گردی کا خاتمہ پہلی شرط ہے۔ افغان طالبان کے ساتھ ممکنہ طور پر امن مذاکرات کی بحالی کے معاملات طے کرنے کیلئے دہشت گردی کو مسترد کیا جانا ضروری ہے۔ پاکستان، چین، افغانستان، امریکہ کے حکام کے درمیان اس حوالے سے جولائی میں رک جانے والے مذاکراتی عمل کی بحالی کے لئے اسلام آباد میں ممکنہ طور پر 11 جنوری کو مذاکرات ہو رہے ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات یقینی ہے کہ امن مذاکرات پوری طالبان تنظیم نہیں بلکہ ان کے مختلف گروپوں سے ہوں گے۔ بنیادی مسئلہ امن یا دہشت گردی میں سے کوئی ایک راستہ منتخب کرنے کا ہے۔ دہشت گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ رائٹر کے مطابق اگلے ماہ ہونے والے اجلاس کے بعد کابل میں ایک اور اجلاس ہو گا جس کا اہتمام نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی نے کیا ہے۔