• news

اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث نیب کے 8 اعلیٰ افسر معطل

اسلام آباد (آن لائن) قومی احتساب بیورو کے 8 اعلیٰ افسر اربوں روپے کی کرپشن کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ چیئرمین نیب چودھری قمرالزمان نے افسروں کو معطل کر کے اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔ آن لائن کو نیب کے ایک انتہائی ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ نیب کے 8 افسروں کو کرپشن میںملوث ہونے پر معطل کیا گیا تاہم قومی مفاد میں ان کے نام صیغہ راز میں رکھے گئے ہیں۔ نیب افسر کے مطابق چیئرمین نیب چودھری قمرالزمان نے خود احتسابی ونگ قائم کیا تھا۔ اس ونگ کی مدد کے لئے نیب ویجیلنس سیل بھی نیب کے اندر واقع ہے۔ ان دو شعبوں نے نیب کے افسروں اور تفتیشی افسروں پر کڑی نظر رکھی ہوئی تھی۔ خود احتسابی ونگ کی رپورٹ جو ثبوت کے ساتھ چیئرمین کو ارسال کی گئی تھی کی روشنی میں 8 افسروں کو کرپشن میں ملوث پایا گیا اور چیئرمین نے شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں معطل کر دیا ہے اور مزید تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اربوں روپے کی کرپشن سکینڈل کی تحقیقات بھی ان سے واپس لے لی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن