اسلام آباد: لائن مین کے قتل میں ملوث میجر زاہد ملٹری پولیس کے حوالے
اسلام آباد/مانکیالہ (اپنے سٹاف رپورٹر سے/نامہ نگاران)تھانہ سہالہ نے ڈی ایچ اے فیزii سیکٹر ڈی میں واپڈا کے اسسٹنٹ لائن مین محبوب کے قتل کیس میں گرفتار حساس ادارے کے افسر میجر زاہد کو ملٹری پولیس کے حوالے کردیا جبکہ ساتھی ملزم منہاج کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل کردیا۔وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف واپڈ ا ملازم محبوب خان کی رہائشگاہ روات قاسم آباد گئے وفاقی وزیر نے فاتحہ خوانی کی اور اس موقع پر ورثاء کیلئے واپڈا کی جانب سے تیس لاکھ روپے اور مقتول کی بیوہ کی ملازمت کا اعلان کیا اور قتل کا مقدمہ دہشت گردی کی عدالت میں چلانے کی یقین دہانی بھی کروائی اس موقع پر مقتول کی والدہ نے وفاقی وزیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ لوگوں کے ساتھ اتنی زیادہ سیکورٹی آسکتی ہے تو واپڈا ریکوری انسپکٹر کو سیکورٹی کیوں نہیں فراہم کی تھی۔آئی این پی کے مطابق گزشتہ روز تھانہ سہالہ پولیس نے واپڈا کے لائن مین کو قتل کیس میں میجر راجہ زاہد کو سول مجسٹریٹ عمر بشیر کی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے ملزم کو ملٹری پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیدیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل ہو گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز واپڈا کا لائن مین علی واجبات کی عدم ادائیگی پر ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی میں حساس ادارے کے افسر راجہ زاہد کی رہائش گاہ کا میٹر کاٹنے گیا تو معمولی تلخ کلامی کے بعد ملزم راجہ زاہد نے پستول سے گولی مار کر واپڈا کے لائن مین کو قتل کر دیا اور لاش گوجر خان کے قریب جنگل میں پھینک دی۔ بعدازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔