• news

بھارت کیخلاف کرکٹ سیریز کا معاملہ آئی سی سی اجلاس میں اٹھائیں گے : شہریار

لاہور(نمائند ہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت سیریز کے انعقاد کے بارے میں بی سی سی آئی کو بھارتی حکومت سے ابھی تک اجازت نہیں ملی اور پی سی بی اس معاملہ کو آئی سی سی کے 2فروری 2016ء کو ہونے والے اجلاس میں اٹھائے گا ۔ وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بریفنگ دے رہے تھے ۔ چیئرمین پی سی بی نے کمیٹی کو بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ باہمی کرکٹ سیریز کھیلنے کے لئے ایم او یو پر دستخط کیئے تھے‘ کھیلنے کو تیار ہے مگر بھارتی حکومت نے سیریز کے انعقاد کے لئے اجازت نہیں دی اور کرکٹ کے معاملات میں بھارتی حکومت کی مداخلت کے بارے میں آئی سی سی کو آگاہ کریں گے ۔بھار ت میں پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے سکیورٹی کا مسئلہ ہے اسلئے بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے اپنی حکومت سے سکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنا ضروری ہے ۔ آئی سی سی کرکٹ بورڈز کے معاملات میں حکومتی مداخلت کے حق میں نہیں ہے ۔پی سی بی نے آئی سی سی کی پالیسی کے مطابق دو سال پہلے اپنے آئین میں تبدیلی کی اور اسے مکمل طور پر جمہوری بنادیا ۔اس آئین کے تحت میں بطور چیئرمین منتخب ہوااور پی سی بی کے تمام معاملات جمہوری اندا ز میں چلائے جارہے ہیں۔پی سی بی نے بگ تھری کی حمایت پاکستان بھارت سیریز کے انعقاد کے بدلے میں کی تھی اور اب بگ تھری کے معاملے میں دیگر ممالک کے کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا ۔ محمد عامر نے سپاٹ فکسنگ میں اپنی سزا پوری کرلی اور کرکٹ کی بحالی کا پروگرام بھی مکمل کرلیا ہے اس لیے ہم نے اُسے کیمپ میں بلایا ہے۔ نئی فٹنس پالیسی بن رہی ہے جو ریجنز میںنافذ ہوگی۔یاسر شاہ بلڈ پریشر کا مریض ہے اور اس نے غلطی سے اپنی بیوی کی بلڈ پریشر کی دوائی کھالی تھی جس کی وجہ سے اس کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ۔ہم کوشش کریں گے کہ یاسر شاہ کے معاملے میں آئی سی سی نرمی دکھائے ۔

ای پیپر-دی نیشن