• news

داعش جیسی تنظیمیں مسلمانوں کیلئے بڑا خطرہ ہیں، اسلام سے تعلق نہیں: حافظ سعید

لاہور( سپیشل رپورٹر) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ داعش جیسی تنظیمیں مسلمانوں کیلئے بہت بڑا خطرہ ہیں‘ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ۔ مسلمانوں پر کفر کے فتوے لگا کر قتل و غارت گری کرنے والے تکفیری گروہ اسلام کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ بیرونی قوتیں مسلم معاشروںمیں دہشت گردی کیلئے فتنہ تکفیر اور خارجیت کو پروان چڑھا رہی ہیں۔ اس مقصد کیلئے پاکستان میں خاص طور پر بے پناہ سرمایہ خرچ کیا جارہا ہے۔ وہ مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعۃالدعوۃ کے مرکزی، زونل وضلعی ذمہ داروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ جہاد کے نام پر مسلمانوں کے خلاف کارروائیاں کرنے والے خارجی ہیں جن کے متعلق نبی کریمؐکی احادیث میں تفصیل سے نشانیاں بتائی گئی ہیں ۔مسلم حکمرانوں کیخلاف مسلح جہاد نہیں بلکہ انہیں اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی دعوت اور ان کی اصلاح کا فریضہ انجام دینے کی ضرورت ہے۔امریکہ و یورپ کی پیداکردہ داعش سے کافروں سے زیادہ مسلمانوں کو خطرہ ہے۔ مسلمانوں کو بیرونی سازشوں کو سمجھتے ہوئے مسلم ملکوں ومعاشروں میں اتحادویکجہتی کاماحول پیدا کرنا ہوگا تاکہ کفار کی سازشیں ناکام بنائی جاسکیں۔ مغرب دہشت گردی کے الزامات لگا کر مدارس کیخلاف پروپیگنڈا کرتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ قرآن و حدیث کا علم نہ رکھنے والے لادینیت کا شکار لوگ ہی پاکستان اور دیگر خطوں میں دہشت گردی پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن