سانحہ ماڈل ٹائون: 2016ء قاتلوں کے احتساب کا سال ہے: طاہرالقادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 2016ء سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کے احتساب اور آپریشن ضرب عضب کی فیصلہ کن کامیابی کا سال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ پاکستان کو دہشت گردی کے فتنے سے محفوظ رکھے۔ سربراہ عوامی تحریک نے گذشتہ روز مرکزی سیکرٹری میں مصروف دن گزارا۔ تمام شعبوں کے سربراہوں اور فورمز کے صدور سے ملاقات کی۔ سربراہ عوامی تحریک نے منہاج القرآن علمائے کونسل کے اجلاس کی صدارت کی اور خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے منہاج القرآن علمائے کونسل سے کہا کہ مصلحت سے پاک کلمہ حق بلند کرنے کو اپنا شعار بنائیں۔ یہی قرآن اور پیغمبر اسلام کا حکم اور وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ علمائے و مشائخ اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مساجد اور خانقاہوں کو پیار و محبت، اصلاح احوال، تزکیہ نفس، برداشت اور رواداری کے مراکز میں تبدیل کریں اور امت کو یکجا کریں۔ دریں اثناء ڈاکٹر طاہرالقادری نے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ کو ٹیلی فون کر کے ان کے سسر خواجہ فخر کے انتقال پر ان سے افسوس کا اظہار کیا۔ سربراہ عوامی تحریک سے چیف کوآرڈی نیٹر میجر (ر) محمد سعید نے ملاقات کی اور عوامی تحریک کی تنظیمی سیاسی امور و ملکی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ آج سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ دریں اثناء خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں گذشتہ 10 سال کی کم ترین سطح پر آئیں مگر وزیراعظم نے سال کے آخری دن بھی غریب عوام سے دشمنی کی۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں اور پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ 2015ء میں 5 سو ارب روپے کی کرپشن کے سکینڈل منظر عام پر آئے مگر حکومت اور احتساب کے ادارے کسی ایک ملزم کو بھی سزا دلوانے میں ناکام رہے۔