پشاور: اسلحہ کی بھاری کھیپ پنجاب سمگل کرنے کی کوشش، چمن میں تاجر اغوا
کوئٹہ/ پشاور (نیوز ایجنسیاں+ بیورو رپورٹ) ایف سی نے ضلع تربت کے علاقے تمپ میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا اور سڑک کے کنارے نصب دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں ایف سی اور حساس ادارے نے منگچر میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم یو بی اے سے تعلق کے شبے میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ادھر چمن سے مسلح افراد تاجر کو اغواء کر لے گئے۔ گزشتہ روز چمن کے علاقے تبلیغی مرکز کے قریب سے نامعلوم مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر عبدالعزیز کو اغوا کیا۔ ادھر کوئٹہ کے علاقے گلستان کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور نے ڈاکٹر سلمان شہزاد کے اغواء اور بعدازاں تاوان کی ادائیگی نہ ہونے پر اسے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم ڈاکٹر احمد علی کی نشاندہی پر اس کے دوسرے ساتھی ڈاکٹر حسیب انور کو بھی گرفتار کرلیا ہے جس کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں پشاور پولیس نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے موٹرکار پر سرچ لائٹ اور پولیس سٹیکر لگاکر شہر میں گھومنے والے قبائلی باشندے کو گرفتار کر لیا ہے۔ مزید براں تھانہ بڈھ بیر پولیس نے تخریب کاری کی غرض سے اسلحہ کی بھاری کھیپ پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے وزیرستان کے رہائشی کو گرفتار کر لیا جس کے قبضہ سے سینکڑوں پستول اور کارتوس برآمد کرلئے گئے۔ گزشتہ روزپولیس کو اطلاع ملی تھی کہ اسلحہ کی بھاری کھیپ دہشت گردی کی غرض سے علاقہ غیر کے راستہ پنجاب سمگل کی جارہی ہے اطلاع ملنے پر پولیس نے جنگلی چیک پوسٹ کے قریب ناکہ بندی کرتے ہوئے فلائنگ کوچ نمبر 1801 کو روک دیا جس کی تلاشی کے دوران اس کے خفیہ خانوں سے 100 پستولیں اور سینکڑوں کارتوس برآمد کرکے ملزم احمد اللہ سکنہ میرانشاہ کو گرفتار کر لیا۔ ادھر مردان میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران 80 مشتبہ افراد پکڑے گئے۔