• news

کرپشن کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں: چیئرمین نیب

اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، 2015ء میں ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے قانون پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ آگاہی اور تدارک کی مہم ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ ملک بھر میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے بھرپور انداز میں چلائی گئی تاکہ عوام کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہی فراہم کی جائے۔ اس مہم کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور یہ 2016ء میں جاری رہے گی۔ قومی احتساب بیورو نیب کے چیئرمین قمر زمان چودھری کی زیر صدارت اجلاس میں 2015ء میں بدعنوانی سے متعلق آگاہی اور تدارک مہم میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ انسداد بدعنوانی کی آگاہی اور تدارکی مہم شروع کی گئی جس کے ذریعے لوگوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کا پیغام دیا گیا۔ نیب بدعنوانی کے خاتمے کیلئے مختلف سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی کیساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن