اورنج لائن ٹرین اورمیٹرو سے اہم پی آئی اے کی بحالی ہے: سینیٹر نثار
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نثار محمد نے کہا ہے کہ قومی اثاثے پی آئی اے کی نجکاری کے بجائے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے وزیراعظم خصوصی مالی پیکیج دیں۔ نئے جہازوں کی خریداری، پرانے منافع بخش روٹس کی بحالی، مینجمنٹ کی تبدیلی اور پی آئی اے میں سیاسی مداخلت کے مکمل خاتمے کے ذریعے پی آئی اے کو دوبارہ پائوں پر کھڑا کرکے منافع بخش ادارہ بنایا جا سکتا ہے۔ اورنج ٹرین اور میٹرو منصوبوں سے زیادہ اہم پی آئی اے کی بحالی ہے۔ پی آئی اے دنیا میں پاکستان کی ہوائی سفیر اور پرچم پاکستان کا نشان ہے۔ پی آئی اے کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے میں سابقہ حکومتوں کابھی کردار ہے۔ اپنے جاری بیان میں نثار محمد نے کہا کہ وزیر اعظم نجکاری لسٹ میں شامل قومی اداروں کے بارے میں پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس طلب کر کے مشاورت کے ذریعے قومی مفاد میں فیصلہ کریں۔ قومی اداروں کے حوالے سے اپوزیشن اور حکومت ملک و قوم کے مفاد میں اتفاق سے قانون سازی کریں تاکہ متعلقہ اداروں کے ملازمین اور اثاثہ جات کا بھی تحفظ ممکن ہو۔