سال کی پہلی رٹ، مودی کی بغیر ویزا پاکستان آمد لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی 120 مہمانوں کے ہمراہ بغیر ویزا پاکستان آمد کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ درخواست گزار شہری منیر احمد نے مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی سمیت 120 بھارتی افراد غیر قانونی طریقے سے پاکستان پہنچے۔ بھارتی وفد کو کسی قسم کا کوئی تحریری اجازت نامہ بھی نہیں دیا گیا۔ مودی نے اپنے آنے کی اطلاع سوشل میڈیا پر کی لیکن پاکستان آمد کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی قانونی کارروائی نہیں کی اور 120 مسافروں کے ہمراہ لاہور ائر پورٹ پر پہنچ گئے۔ اس غیر قانونی اقدام کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت وزارت داخلہ نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔ درخواست میں سول ایوی ایشن، امیگریشن حکام، وفاقی وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔ یکم جنوری کو داخل ہونے والی یہ لاہور ہائیکورٹ میں سال 2016ء کی پہلی رٹ تھی۔ واضح رہے کہ بنارتی وزیراعظم نریندر مودی 120 افراد کے وفد کے ہمراہ 25 دسمبر 2015ء کو کابل سے نئی دلی جاتے ہوئے مختصر دورے پر لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائر پورٹ پہنچے تھے جہاں وزیراعظم محمد نواز شریف نے ان کا شاندار استقبال کیا تھا۔