فیول ایڈجسٹمنٹ، بجلی 2 روپے 6 پیسے یونٹ سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) نیپرا نے فی یونٹ بجلی 2 روپے 6 پیسے سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ بجلی نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سستی کی گئی۔ نیپرا کے مطابق صارفین کیلئے جنوری کے بلوں میں اس کمی کو ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ ماہانہ 300یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر اطلاق نہیں ہو گا۔ فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے سوا تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کیلئے ہے۔ علاوہ ازیں نیپرا نے فیصل آباد الیکٹرک کمپنی (فیسکو) کی جانب سے بجلی نرخوں میں اضافے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ٹیرف میں 2.80روپے فی یونٹ کمی کر دی ہے۔ نیپرا ترجمان کے مطابق فیصل آباد الیکٹرک کمپنی کیلئے نئے ٹیرف کی منظوری آئندہ پانچ سال کیلئے دی گئی ہے ۔ فیسکو کے گھریلو صارفین کیلئے ٹیرف میں 51 پیسے سے لیکر دو روپے 80 پیسے فی یونٹ کی کمی کی گئی ہے ۔کمرشل صارفین کیلئے بجلی ڈیڑھ روپے ٗ زرعی اور صنعتی صارفین کیلئے بجلی دو روپے ستر پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ فیسکو نے نیپرا سے بجلی کے نرخوں میں ایک سے دو روپے اضافہ کرنے کی درخواست کی تھی۔