مقبوضہ کشمیر: کیمپ میں آتشزدگی،10 مزدور زندہ جل گئے، یاسین ملک رہا، سرینگر مسجد پر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا
سری نگر (ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں نئے سال کے آغاز پر افسوسناک واقعے میں 10 مزدور جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہو گئے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع رمبان کے علاقے دلواس کے چندر کوٹ کیمپ میں کنسڑکشن کمپنی کے کچھ ملازمین سو رہے تھے کہ شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں دس مزدور بری طرح جھلسنے کے باعث جاں بحق جبکہ چار زخمی ہو گئے جن کی لوگوں کا سامان بھی جل کر خاکستر ہو گیا۔ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب حریت کانفرنس (گ) نے ایمنسٹی انٹرنیشنل سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی جیلوں میں قید کشمیریوں کی حالت زار کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور انہیں درپیش مسائل کے ازالے کی کوشش کریں۔ ایک بیان میں حریت ترجمان نے کہا کہ حکومت سیاسی قیدیوں کے ساتھ اخلاقی مجرموں اور قاتلوں جیسا سلوک روا رکھ رہی ہے اور انہیں جیلوں کے اندر بھی انتقام گیری کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان نے ریاست اور بیرون جیلوں میں مقید آزادی پسند اسیروں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ وادی میں بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ دسمبرمیں ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران ایک خاتون اور بچے سمیت 13بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔سرینگر سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق مقبوضہ علاقے میںبھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے گزشتہ ماہ پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں126کشمیری شدید زخمی ہوئے جبکہ 235شہری ،جن میں اکثریت حریت رہنمائوں اور نوجوانوں کی تھی کو گرفتار کر لیا گیا ۔ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ ایک خاتون کی بے حرمتی کی۔دریں اثناء مقبوضہ کشمیر میں عدالت نے لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کو ساتھیوں سمیت اکیس جنوری تک عبوری ضمانت پر رہا کردیا۔