• news

2016ء میں بھی تعلیم اور صحت کے شعبوں میں معیاری سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح رہے گی: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2015ء کی طرح 2016ء میں بھی تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح رہے گی۔ عوام کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہ پہلے آنے دی اور نہ اب آنے دیں گے، یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے عوام کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے ہیں۔ دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے رجحانات کے خاتمے کیلئے علم انتہائی موثر ہتھیار ہے۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اورصحت کے شعبوں کی پائیدار بنیادوں پر ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اوراس مقصد کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انقلابی نوعیت کی اصلاحات کی گئی ہیں۔ اصلاحاتی پروگرام کے تحت سکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اساتذہ اورطلباء کی حاضری یقینی بنانے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ نوجوان ہمارا مستقبل اورقیمتی سرمایہ ہیں۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے تعلیمی شعبہ میں پنجاب حکومت کے انقلابی اقدامات بارآور ثابت ہوئے ہیں۔ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے رجحانات کے خاتمے کیلئے علم نہ صرف انتہائی موثر ہتھیار ہے بلکہ یہی پائیدار ترقی کا واحد راستہ ہے۔ تعلیم کے فروغ کیلئے فراہم کئے جانیوالے وسائل اخراجات نہیں بلکہ ملک کے روشن مستقبل پر سودمند سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ اور دانش سکول سسٹم سے غریب ترین خاندانوں کے ہونہار بچے اوربچیاں اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہی ہیں۔ ان پروگراموں کے ذریعے خاک آلود گلیوں کے بچوں پر معیاری تعلیم کے دروازے کھلے ہیں۔ تعلیم کی طرح صحت کا شعبہ بھی حکومت کی سرفہرست ترجیحات میں شامل ہے اورعوام کومعیاری طبی سہولتیں ان کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ صوبے بھر میں جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال بنائے جا رہے ہیں۔ صوبائی دارلحکومت میں سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سینٹرکے قیام کے منصوبے پر تیزرفتاری سے کام جار ی ہے جبکہ بیدیاں روڈ پر 60 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال کا افتتاح کیا گیا ہے۔ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے پنجاب کے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے زبردست اقدامات کرنے پر وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے بڑے منصوبوں سے صوبے بھر کے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ مزید براں شہباز شریف سے گزشتہ روز پاکستان آرڈیننس فیکٹریز بورڈ کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا- وزیر اعلی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میںشاندار کامیابیوں اور پاک افواج کے جرات مندانہ کردار کو خراج تحسین پیش کیا- وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو محفوظ اور پرامن بنانے کے لئے پاک افواج نے بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ پاک افواج کے افسروں اور جوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ پوری قوم کو شہداء کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔ سال2013ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ، ترقی یافتہ، پرامن اور خوشحال ہے- سال 2016ء ملک میں حقیقی امن کی بحالی کا سال ہو گا-

ای پیپر-دی نیشن