چارسدہ: سکول کے باہر فائرنگ، 3 اساتذہ زخمی: ڈیرہ بگٹی میں بم دھماکہ
چارسدہ + ڈیرہ بگٹی (نوائے وقت نیوز+ صباح نیوز) چارسدہ کے گورنمنٹ پرائمری سکول کے باہر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ جس کے باعث تین اساتذہ زخمی ہو گئے جبکہ ڈیرہ بگٹی میں ایک مکان کے قریب بم دھماکہ ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں پڑانگ کے علاقے بوساخیل میں گورنمنٹ پرائمری سکول میں چھٹی کے وقت باہر نکلنے والے اساتذہ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے جسکے نتیجے میں ظاہر شاہ، محمد عادل اور صاحب علی نامی تین ٹیچر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کےلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے حبیب راہی میں مکان کے قریب بم دھماکہ ہوا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لیویز ذرائع کے مطابق گزشتہ روز دھماکہ حبیب راہی کے رہائشی علاقے میں خالی مکان کے قریب ہوا، دھماکے کی آواز سے علاقے کے لوگوں میں خوف پھیل گیا، لیویز فورس کے مطابق دھماکہ بارودی مواد پھٹنے کے نتیجے میں ہوا ہے، مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔
3 اساتذہ زخمی