انتخابات 2018، مسلم لیگ (ن) منشور کے اہداف حاصل کرنے کیلئے جنگی حکمت عملی اپنائیگی
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے 2018ءکے انتخابات کو پیش نظر رکھ کر پارٹی کے منشور کے تمام اہداف 2016-17ءمیں حاصل کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے قیادت کو تمام اہداف کو حاصل کرنے کیلئے دن رات کام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ مریم نواز جو مختلف وزارتوں کی کارکردگی سے وزیراعظم کو تسلسل سے آگاہ رکھتی ہیں، حکومت کیلئے انقلابی اقدامات تجویز کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کو پارلیمنٹ میں زیادہ وقت دینے اور ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتوں کا مشورہ دیا گیا ہے۔ وزیراعظم توانائی کے بحران پر دو سال میں قابو پانے کے ساتھ صحت، تعلیم، امن و امان پر خصوصی توجہ دیں گے۔ 2016ءمیں مریم نواز سیاسی افق پر نمایاں طور پر نظر آئیں گی اور تیزرفتاری سے ملکی سیاست میں سرگرم حصہ لیں گی۔ انکی سربراہی میں قائم تھنک ٹینک موثر طور پر کام کررہا ہے۔ وزیراعظم نے تھنک ٹینک کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ اس تھنک ٹینک کے بعض ارکان کو وفاقی کابینہ میں توسیع کے وقت شامل کیا جائیگا۔
مسلم لیگ(ن)/ منشور