• news

کرپشن داعش سے بھی بڑا خطرہ ہے، سخت ایکشن لینا چاہئے: سراج الحق

لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن داعش سے بھی بڑا خطرہ ہے۔ باڑ کھیت کو کھا رہی ہے، جو ادارہ کرپشن پکڑنے اور تحقیقات کیلئے بنایا، وہ خود کرپشن میں ملوث پایا گیا اور اس کے آٹھ افسروںکو معطل کرکے ان کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات کی خبریں شائع ہورہی ہیں۔ روزانہ ہونے والی 12 ارب روپے کی کرپشن پر قابو پالیا جائے تو غربت، مہنگائی، بدامنی سمیت اندرونی و بیرونی قرضوں سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ بجلی اور گیس کے محکموں میں 10کھرب سے زیادہ کی کرپشن ہوئی مگر نیب صرف پانچ ارب روپے کی وصولی کرسکا ۔کرپشن روکنے کیلئے کسی ٹینک اور توپ کی نہیں درست معلومات اکٹھی کرکے مجرموں کے خلاف سخت ترین ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔ منصورہ میں مرکزی مجلس شوری کے اجلاس سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکے ہیں جو کسی بڑے انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے بل دیکھ کر عام آدمی کا بلڈ پریشر شوٹ کر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے انتخابی نظام کو پیسے نے ہائی جیک کرلیا، الیکشن کمیشن اگر پہلے سے موجود اپنے قانونی ضابطوں پر عمل درآمد نہیں کرواسکتا تو نئی اصلاحات بھی تاریخ کے کوڑے دان کی نذر ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک صوبے کی صدارت کیلئے اربوں روپے کی بولی لگانے کی خبریں چھپ رہی ہیں مگر احتساب کے ادارے ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی بیرونی قوتیں پاک چین کوریڈور کو ناکام بنانے کیلئے سرگرم ہوچکی ہیں، اب حکومت کا امتحان ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے اس بڑے منصوبہ کو تنازعات سے بچا کر کس طرح کامیاب بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہ داری منصوبے پر چھوٹے صوبوں کے تحفظات کو دور کیا جائے۔ اگر خیبر پی کے کے عوام کہتے ہیں کہ انہیں ایک سڑک نہیں بلکہ انڈسٹریل زونز کی ضرورت ہے تو حکومت اپنی ضد چھوڑکر خوشحالی کے اس سفر میں خیبر پی کے کو بھی شریک سفر کرے۔ سراج الحق نے کہا کہ اگر سندھ میں گورنر راج لگا تو یہ سلسلہ یہیں نہیں رکے گا بلکہ آگے تک جائے گا۔کراچی آپر یشن کو مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے اپنی انا کا مسئلہ بنارکھا ہے جس سے آپریشن کے ثمرات ضائع ہورہے ہیں۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن