خیبر پی کے حکومت کا مردان میں ”صحت سہولیات“ ہیلتھ انشورنس سکیم کا افتتاح
مردان (آئی این پی) خیبر پی کے حکومت نے ضلع مردان میں ”صحت سہولت“ کے نام سے ہیلتھ انشورنس سکیم کا اجراءکیا ہے، اس سکیم کے تحت مستحق اور نادار افراد کو صحت کارڈز جاری کئے جائیں گے جن کے ذریعے مستحق افراد مختلف ہسپتالوں سے 25 ہزار روپے فی کس سالانہ کے حساب سے مفت طبی سہولیات حاصل کرسکیں گے۔ جمعہ کے روز مردان میں اس سلسلے میں منعقد ایک تقریب میں صوبائی وزیر صحت شہرام تراکئی اور وزیر تعلیم عاطف خان نے مستحق افراد کو صحت کارڈ دیکر مردان کےلئے اس سکیم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت شہرام تراکئی نے اس سکیم کو موجودہ صوبائی حکومت کا ایک انقلابی اور غریب پرور قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سکیم سے ضلع مردان کے 60 ہزار مستحق گھرانوں کے 40 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
خیبر پی کے/ صحت سہولیات