لاہور، پشاور، راولپنڈی، مردان اور لالیاں سے 8 انسانی سمگلر گرفتار
لاہور/ پشاور/ راولپنڈی (آئی این پی+ بی بی سی) ایف آئی اے نے ملک بھر میں انسانی سمگلروں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا۔ لاہور‘ پشاور‘ مردان، راولپنڈی اور لالیاں میں کارروائی کے دوران 8 انسانی سمگلروں کو گرفتار کرکے غیر قانونی پاسپورٹس‘ ائر ٹکٹس اور دیگر دستاویزات برآمد کرلیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ایف آئی اے نے چناب نگر تحصیل لالیاں میں انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر لوگوں کو بیرون ملک بھیجنے والا ملزم رفیع اﷲ گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے تین غیر قانونی پاسپورٹ برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ لاہور میں بھی کارروائی کے دوران دو انسانی سمگلروں محمد حنیف اور امجد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایف آئی اے کی پشاور میں کارروائی کے دوران چار انسانی سمگلروں کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے پاسپورٹس‘ ائرٹکٹس‘ شناختی کارڈز اور غیر قانونی امیگریشن دستاویزات برآمد کرلی گئیں۔ ملزمان ایران‘ ترکی اور یونان کے راستے لوگوں کو یورپ بھجواتے تھے۔ مردان کے علاقے تخت بھائی سے بھی ایک اشتہاری انسانی سمگلر کو حراست میں لیا گیا جبکہ ایف آئی اے نے بینظیر انٹرنیشنل ائرپورٹ پر کارروائی کے دوران اسرار الحق نامی مسافر کو حراست میں لے لیا۔ آف لوڈ کئے جانے والے مسافر کا نام سٹاپ لسٹ کیٹگری میں شامل تھا۔
انسانی سمگلر گرفتار