• news

صحت کارڈ کا اجراءغریب طبقے کیلئے وزیراعظم کا تحفہ ہے : پرویز رشید سائرہ افضل

اسلام آباد (وقائع نگار+ نوائے و قت رپورٹ+ ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید اور وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ صحت کارڈ کا اجرا معاشرے کے غریب طبقے کیلئے وزیراعظم کی طرف سے تحفہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صحت عامہ کے قومی پروگرام کا وزیراعظم کے ہاتھوں اجراءہونے کے ساتھ ہی مریضوں کا علاج شروع ہوگیا ہے اور بڑی تعداد میں غریب خاندانوں کو یہ کارڈ جاری کئے جا رہے ہیں۔ اس پروگرام کی وژن مسلم لیگ (ن) کے منشور میں شامل تھی اور اسے انتہائی محنت سے عملی جامعہ پہنایا گیا ہے۔ اس پروگرام کے عملدرآمد میں چیلنج ضرور آئیں گے لیکن انشاءاللہ ایک مربوط حکمت عملی اور مانیٹرنگ کے نظام کے تحت ان چیلنجز کو عبور کر کے اس پروگرام کو کامیاب بنایا جائیگا۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ہماری حکومت کا بنیادی مقصد کم آمدنی والے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے اور ان کو مزید غربت کے اندھیروں میں جانے سے بچانا ہے جس کی وجہ علاج معالجہ پر آنے والے اخراجات ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے منشور میں کئے گئے ایک اور وعدے کو پورا کر دیا ہے۔ صحت کارڈ سے 32 لاکھ خاندان مستفید ہونگے جبکہ پرویز رشید نے مزید کہا کہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں سے بڑھ کر کام کر رہی ہے۔ 2015ءمیں تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کی جو سہولتیں فراہم کیں ان پر فخر ہے، دعا ہے کہ 2016ءانسانیت کیلئے امن کا سال ثابت ہو۔ علاوہ ازیں وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کے بہتر نتائج سامنے آئے یہ جاری رہیگا۔ رینجرز اختیارات پر سندھ حکومت سے بات چیت ہوئی تمام مسائل بات چیت سے حل کئے جاسکتے ہیں۔ ایمنسٹی سکیم، ریٹرن جمع نہ کرانے والوں کو موقع دیا جا رہا ہے۔
پرویز رشید/ سائرہ افضل

ای پیپر-دی نیشن