حفیظ‘اظہر کا احترام‘محمد عامر کیلئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے :شاہد آفریدی
لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے سپاٹ فکسنگ میں سزایافتہ فاسٹ باؤلر محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے اپنی غلطی کا اعتراف سب سے پہلے میرے پاس کیا تھا۔دورہ نیوزی لینڈ کے لیے قومی ٹیم کے اعلان کے بعد اپنے ٹوئٹر پیغام میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ عامر کی ٹیم میں واپسی پر خوشی ہے، انھوں نے انگلینڈ میں سب سے پہلے مجھے سچ بتایا، انھوں نے اپنی غلطی تسلیم کی لہٰذا ہمیں ان کی حمایت کرنی چاہیے۔ٹیم کے انتخاب کے حوالے سے آفریدی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے ہم نے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے، یہ ٹیم پاکستان میں دستیاب بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا لیکن بدقسمتی سے وہ جگہ نہیں بنا سکے۔عامر کے حوالے سے آفریدی نے مزید کہا کہ انھوں ٹیم کا ساتھ دیا، دوسروں کی طرح ٹی وی پروگراموں میں جا کر ٹیم پر بے جا تنقید نہیں کی۔ میں حفیظ اور اظہر علی کے موقف کا احترام کرتا ہوں کیونکہ ہمیں سپاٹ فکسنگ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ہمارا نام ہر جگہ خراب ہوا تاہم عامر نے عدالت اور پاکستانی عوام دونوں کے سامنے سچ بولا جبکہ دیگر کھلاڑی دو تین سال تک جھوٹ بولتے رہے۔ اب ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے اور میں عامر کی حمایت کروں گا، امید ہے کہ وہ پوری دیانت داری اور جذبے کے ساتھ پاکستان کرکٹ کی خدمت کریں گے۔