قائداعظم ٹرافی کا ڈے اینڈ نائٹ فائنل کل شروع ہوگا
کراچی (سپورٹس رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا پانچ روزہ فائنل اتوار سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میںشروع ہوگا ۔دفاعی چیمپئن سوئی نادرن گیس پائپ لائن (ایس این جی پی ایل ) اور یو بی ایل کی ٹیمیں فائنل میں مد مقابل ہونگی ۔جس میں ملکی تاریخ میں پہلی باد گلابی گیند استعمال کی جائے گی۔کھیل کا آغاز دوپہر دوبجے ہوگا ۔ چار بجے چائے کا وقفہ اور شام 6بج کر20منٹ پر کھانے کا وقفہ جبکہ کھیل کا اختتام 9بجے شب ہوگا۔فائنل میں ٹیسٹ کپتان مصباح الحق ،محمد حفیظ ،محمد رضوان ،عمر اکمل ،توفیق عمر ،بلاول بھٹی ،صہیب مقصود ،یونس خان ،شان مسعود،حماد اعظم اور دیگر اسٹارز ایکشن میں نظر آئیں گے ۔سات جنوری تک جاری رہنے والے فائنل کو احسن رضا اوراحمد شہاب سپر وائز کریں گے جبکہ خالد محمود ٹی وی امپائر اور انور خان میچ ریفری ہونگے ۔عمران علی آفیشل اور سلمان حسین پریس اسکورر مقرر کئے گئے ہیں ۔فاتح ٹیم کو 25لاکھ جبکہ رنر اپ کو 15لاکھ روپے دیئے جائیں گے ۔مین آف دی میچ ،ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین ،بہترین بالر اور آئوٹ اسٹینڈنگ پلیئر کو 50ہزار روپے فی کس دیے جائیں گے ۔مجموعی طور پر42لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی علاوہ ازیں دونوں ٹیموں نے گزشتہ شام نیشنل اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس میں نیٹ پریکٹس کی ۔