خیبر پی کے کا حصہ نہ ملا تو راہداری کو گزرنے نہیں دیں گے: پرویز خٹک، وفاق کو کمزور کرنے سے باز رہیں: زعیم قادری
پشاور (بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے وفاق کے آگے شکایات کا دفتر کھول دیا، کہتے ہیں پنجاب کہنے کو بڑا بھائی ہے مگر چھوٹے صوبے کو پوچھتا ہی نہیں، پاک چین راہداری میں ساڑھے 13 فیصد حصہ ملنا چاہئے۔ بجلی ہو یا گیس، ترقی کا سارا سفر پنڈی سے گوادر تک ہے۔ انہوں نے پاک، چین اقتصادی منصوبے میں اپنے صوبے کو نظراندازکرنے پرتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا باتیں وفاق کی ہوتی ہیں لیکن بڑے بھائی کو جب بھی موقع ملتا ہے ہمارا حصہ کھا جاتا ہے۔ پاک، چین راہداری کنونشن کے دوران پرویز خٹک اپنے صوبے کے حق میں خوب بولے۔ انہوں نے کہا خیبر پی کے میں بھی بجلی، گیس اور پانی کے مسائل ہیں مگر بڑا بھائی پوچھتا تک نہیں۔ ہمیں اپنے حقوق کیلئے احتجاج کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے خبردارکیا جو حق خیبر پی کے کو نہ ملا وہ کسی کو نہیں ملے گا، وفاق روزانہ خیبر پی کے کی 600 میگا واٹ بجلی چوری کررہا ہے۔ پاک، چین اقتصادی راہداری کے معاملہ پر متحد ہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم وعدے پورے کرنے کے بجائے خیبر پی کے کو ایک سڑک پر ٹرخا رہے ہیں جو صوبائی حکومت خود بھی بنا سکتی ہے۔ انہوں نے دھمکی دی حصہ نہ ملا تو اقتصادی راہداری گذرنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا چین نے راہداری روٹ اپنے پسماندہ علاقوں سے گزارا ہے، پاکستان بھی یہی کرے۔ انہوں نے کہا پاک، چین راہداری منصوبے کی تفصیل کیلئے 14 دسمبر کو وزیراعظم کو خط لکھا لیکن آج تک جواب نہیں آیا۔ پرویز خٹک وفاق پر برس پڑے اور کہا وفاقی حکومت پنجاب کی ترقی کو ہی قومی ترقی سمجھتی ہے۔ ہماری بجلی چوری ہوتی ہے، بھیک نہیں مانگیں گے حق لینا آتا ہے۔ سہولتیں نہ ملیں تو اقتصادی راہداری صوبے سے نہیں گزرنے دیں گے۔ اقتصادی راہداری کا فائدہ ہمیں نہیں ہوا تو کسی کو نہیں ہونے دیں گے۔ راہداری منصوبے میں ہمیں جائز حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ہمارے صوبے کو کچھ نہیں دینا تو کوریڈور کو کہیں اور لے جائیں۔ این این آئی کے مطابق پشاور میں پختونخواہ او سی تحریک کی جانب سے منعقدہ راہداری کانفرنس میں خیبر پی کے کی تمام سیاسی جماعتیں پاک چائنہ اقتصادی راہداری کو مغربی روٹ کی تعمیر پر یکساں موقف اپنانے پرمتفق ہوگئیں اور وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے اعلان کیا خیبر پی کے کو راہداری میں اسکا حصہ نہیں دیا جاتا تو اس شاہراہ کو اپنے صوبے سے نہیں گزرنے دینگے اور وفاق جان لے ہم اپنا حق صرف چھینیں گے نہیں بلکہ راہداری ہماری نہ ہوئی توکسی کی بھی نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا ایسا روٹ چاہئے جہاں ایل این جی پائپ لائن، ریلوے، فائبر آپٹک، بجلی، گیس، صنعتیں اور دیگر لوازمات موجود ہوں۔ تقریب کے دوران قومی وطن پارٹی کے سکندر شیرپائو، جماعت اسلامی کے سیدگل، عوامی ورکرز پارٹی کے فانوس گجر اور سپیکر اسد قیصر نے مغربی روٹ کی تعمیر اور صوبے کے حقوق کیلئے متحد ہوکر جدوجہد کا عزم کیا۔
لاہور (این این آئی) ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری نے کہا ہے پرویز خٹک پنجاب کی شب و روز ہونے والی ترقی پر تعصب کی بجائے خیبر پی کے کی حالت زار پر توجہ دیں۔ مرکز وفاق کی علامت ہے، پرویز خٹک وفاقی سلامتی اور مضبوطی کو کمزور کرنے سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا پنجاب میں ہونیوالی ترقی کو اندرون ملک کے علاوہ عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔ پنجاب دیگر صوبوں میں عوامی فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے بھی بھرپور مدد فراہم کر رہا ہے۔ پرویز خٹک اور انکے دھرنا پرور لیڈر ہمیشہ ملکی اتحاد، ترقی اور خوشحالی کی راہ میں روڑے اٹکاتے ہیں۔