ائربیس پر حملے کی شدید مذمت، بھارت کی مدد کے لئے تیار ہیں: پاکستان
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان نے بھارت میں پٹھانکوٹ میں بھارتی فضائیہ کے ائربیس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے گذشتہ روز ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر رابطوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی خیرسگالی کے جذبات کی بنیاد پر تعلقات کو بہتر بنانا چاہتا ہے۔ پاکستان دہشت گردوں کیخلاف کارروائی میں بھارت کی مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان پٹھانکوٹ میں ہونیوالے جانی نقصان پر متاثرین کے اہل خاندان اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہے۔ صباح نیوز کے مطابق ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی حکومت بھارتی حکومت اور عوام کے ساتھ حملہ پر ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور دہشت گردی کے حملہ میں متاثر ہونے والے خاندانوں کے ساتھ بھی اظہارہمدردی کرتی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے بھارت اور خطہ کے تمام ممالک کے درمیان اچھے تعلقات قائم کرنے کی جو کوشش کی جارہی تھی پاکستان اس حوالے سے پرعزم ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطہ سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے لئے پر عزم ہے۔ پاکستان بھارت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے حالیہ اعلیٰ سطح رابطوں کے بعد دونوں ممالک میں خیر سگالی کے تعلقات پید اہوئے۔