• news

لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت کئی شہروں میں زلزلہ شدت 5.8 تھی، لوگ کلمہ طیبہ کا ذکر کرتے باہر نکل آئے

لاہور/ اسلام آباد/ پشاور (ایجنسیاں+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نامہ نگار) لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے متعدد شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے آئے، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش تھا اور گہرائی 178 کلومیٹر زیرزمین تھی، لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، لاہور، پشاور، ایبٹ آباد، مالاکنڈ اور خیبر ایجنسی سمیت پنجاب اور خیبر پی کے کے متعدد شہروں میں محسوس کئے گئے۔ سوات، شانگلہ، دیر بالا، لوئر دیر، کوہستان، بٹگرام، نوشہرہ، سرگودھا، شیخوپورہ، میانوالی، منڈی بہا الدین، شگر گڑھ، گوجرہ، پھالیہ، ڈیرہ اسماعیل خان، مری، ہری پور، ناران، چترال اور کاغان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ لوگ خوف کے مارے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کر دیا۔ زلزلے کے وقت پشاور میں وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جنہوں نے فوری طور پر تقریر روکدی اور عوام کو پرسکون رہنے کی ہدایت کی۔ اسلام آباد میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جن کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے گئے۔ پھلروان سے نامہ نگار کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کے باعث علاقہ بھر میں خوف وہراس پھیل گیا۔ ایک ماہ کے دوران دن اور رات کو آنے والے زلزلوں سے عمارتیں ہل گئیں، لوگ گھروں سے گھبرا کر باہر نکل آئے، کلمہ کا ورد شروع کردیا، عوام خوفزدہ ہوگئے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد میں گذشتہ روز زلزلہ کے شدید جھٹکے آنے پر لوگ کلمہ شریف کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔

ای پیپر-دی نیشن