شیخوپورہ: موٹروے پر درجن سے زائد کار سوار لٹ گئے، قصور: مقابلہ میں ڈاکوؤں کا ساتھی ہلاک
شیخوپورہ +لاہور+کاہنہ+فیروز والہ+قصور (نامہ نگار خصوصی + آئی این پی +سٹاف رپورٹر+نامہ نگاران) شیخوپورہ کے تھانہ صدر کے علاقہ بمب کے ملیاں کے قریب موٹروے پر 10 کے قریب ڈاکوؤں کا ناکہ، درجن سے زائد کار سواروں سے لاکھوں ورپے کی نقدی، درجنوں موبائل فون، طلائی زیورات اور قیمتی سامان لوٹ لیا، موٹروے پر 10 کے قریب ڈاکو ناکہ لگا کر رکاوٹیں کھڑی کر کے گاڑیوں کو روکتے۔ علاوہ ازیں آئی این پی کے مطابق اسلام آباد لاہور موٹروے پر ڈاکو کئی گھنٹے تک گاڑیوں کو لوٹتے رہے جبکہ موقع پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں کو باندھ کر فرار ہوگئے۔ دوسری جانب موٹروے پر ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ تھانہ صدر شیخوپورہ میں درج کرلیا گیا ہے۔علاوہ ازیں لاہو میں تھانہ جنوبی چھائونی کے علاقہ ظفر روڈ کے عدیل کے گھر سے چور17لاکھ روپے کی نقدی، زیورات چوری کر کے لے گئے جبکہ ڈاکوئوں نے نشتر کالونی آشیانہ روڈ پر واقع حنیف کی دکان سے1لاکھ 14ہزار کی نقدی اور موبائل، سمن آباد میں ڈاکٹر مہوش اور اسکی فیملی سے ساڑھے7 لاکھ تھانہ سول لائن میں جمشید سے 1لاکھ ، تھانہ ٹائون شپ میں باسط سے1لاکھ ،تھانہ گارڈن ٹائون میں عمر سے90ہزار اور سبزہ زار میں اسامہ سے55ہزار اور موٹر سائیکل چھین لی گئی جبکہ سبزہ زار میں سجاد کی گاڑی ،اسلام پورہ میں ذیشان ، شاہدرہ میں وقاص ،شادمان میں سلمان، ماڈل ٹائون میں عامر، گرین ٹائون میں جمشید، چوہنگ میں عمران نشتر کالونی میں ظہور اور خضر کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں گئیں۔کاہنہ میں دن دیہاڑے ڈکیتی مزاحمت پر بیوی دو بیٹوں سمیت شدید زخمی ہوگئے۔ کاہنہ کے علاقہ میواتی مسجد کے قریب دو نامعلوم ڈاکو پراپرٹی ڈیلر مبارک کے گھر میں صبح سویرے داخل ہوئے مبارک علی کے مزاحمت کرنے پر ڈاکوئوں نے فائرنگ شروع کر دی مبارک علی اور اس کی بیوی شریفاںبی بی اور ان کے دو بیٹے 22سالہ ارشاد اور 20سالہ نعمان شدید زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں فیروز والا میں کوٹ عبدالمالک میں ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر تاجر کاشف علی سے2لاکھ 42 ہزار روپے رقم اور موبائل چھین لیا۔ چوروں نے ندیم احمد کے گھر کے تالے توڑ کر دولاکھ 80 ہزار روپے نقدی زیورات اور دیگر سامان چوری کر کے فرار ہو گئے، چھپڑ کالونی میں چوروں نے نعیم کے گھر سے ہزاروں روپے کا سامان چوری کر لیا۔ علاوہ ازیں قصور کے نواح رائو خانالا کے قریب دوسرے روز بھی مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکوئوں کا ایک ساتھی ہلاک ہو گیا۔ سنگین نوعیت کی36 وارداتوں میں ملوث تھا اور قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، ساہیوال ،خانیوال، پاکپتن شریف، بہاولنگرمیں پولیس کو مطلوب تھا، ملزم منشاء عرف مھنا تھانہ بی ڈویژن پولیس کی حراست میں تھا جسے بعد ازاں تھانہ راجہ جنگ ڈکیتی کے ایک مقدمہ کی تفتیش کیلئے لیجایا گیا۔ وقوعہ کے روز ایک ڈکیتی کی برآمدگی کیلئے پولیس تھانہ راجہ جنگ لیکر جا رہی تھی ڈرین رائو خانوالا کے قریب 4 نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیس وین پر مختلف اطراف سے فائرنگ کر دی اور ملزم منشاء عرف مھنا کو پولیس کی حراست سے چھڑا کر ڈرین کے چھوٹے راستے سے فرار ہو گئے۔ ڈاکوئوں سے فائرنگ سے تبادلے میں ایک ڈاکو مارا گیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔