مسلم لیگ (ن) نے عوامی بہبود کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کردیا
لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اڑھائی سال کے عرصے میں افواج پاکستان کیساتھ ملکر دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑنے اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے ملک کو 2017ء تک روشن کرانے کیلئے متعدد منصوبوں کو شروع کرنے کے بعد عام آدمی کی بہبود کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کا ازسرنو آغاز کردیا ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی بجلی بحران سے نمٹنے کیلئے خدمات سے بھرپور استفادہ کے بعد اب انہیں اجازت دیدی ہے وہ اپنے ویژن اور مسلم لیگ (ن) کے منشور کے مطابق غریب عوام کی خدمت کیلئے میدان میں ازسرنو سرگرم عمل ہوجائیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف کا 29 دسمبر کو پنجاب خدمت کارڈ پروگرام کے ذریعے 2 لاکھ خصوصی افراد کو 3600 روپے سہ ماہی دینے کیلئے پہلے مرحلے میں 2 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کرنے اور اب کم آمدنی والے افراد کیلئے کم لاگت سے تیار کئے گئے ’’آشیانہ‘‘ گھروں کی ایک مرتبہ پھر تعمیر کے فیصلے سے سالانہ 25 ہزار گھرانے مستفید ہونگے۔ شہبازشریف نے گزشتہ روز 180 ماڈل ٹائون میں ترکی کے معروف ادارے کے ساتھ تکنیکی اور فنی مہارت فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کی۔ تقریب میں وہ انتہائی شاداں و فرداں تھے۔ شہباز شریف حکومت پاکستان میں پہلی حکومت قرار پائیگی جو سالانہ 25 ہزار گھر کم آمدنی والے گھروں کو شفاف طریقے سے قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹ کریگی۔ ان مکانوں کی قیمت بلاسود ہو گی اور قسطوں میں ادائیگی کرنا ہوگی۔ شہبازشریف نے ترکی والوں سے کہا آپ وہاں سالانہ 50 ہزار ایسے مکان تعمیر کرتے ہیں، کم از کم 25 ہزار سالانہ بنانے میں تعاون کریں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین جیسے منصوبوں کے ساتھ ایک مرتبہ پھر آشیانہ ہائوسنگ سکیم کے تحت تعمیر ہونے والے مکانوں کی تعمیر یقیناً 25 ہزار سالانہ سے بڑھا کر دم لیں گے۔ وزیراعظم کا کم آمدنی والے افراد کے مفت علاج کا اعلان بھی فلاحی منصوبوں کا حصہ ہے۔