پی پی 89 ضمنی انتخاب: تحریک انصاف کے رانا شفیق لیگی امیدوار کے حق میں دستبردار
لاہور (خصوصی رپورٹر) 6 جنوری کو پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 89 کا ضمنی الیکشن ڈرامائی صورت اختیار کرگیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے مخدوم سید علی رضا کی وفات سے خالی ہونیوالی نشست پر تحریک انصاف نے رانا شفیق کو ٹکٹ دی تھی جبکہ مسلم لیگ (ن) نے سید قطب علی شاہ المعروف علی بابا کو میدان میں اتارا جبکہ مخدوم علی رضا مرحوم کی پہلی بیوی میں سے صاحبزادی سونیا آزاد حیثیت سے میدان میں تھیں۔ تحریک انصاف کے سرکردہ رہنما ریاض فتیانہ کی ہمدردیاں سونیا کے ساتھ تھیں اور وہ تحریک انصاف سے انہیں ٹکٹ دلوانے میں ناکامی کے بعد لاہور میں حمزہ شہباز سے ملے اور سونیا کو مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ دلوانے کی کوشش کی لیکن انہیں ناکامی ہوئی۔ تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چودھری محمد سرور نے اپنے امیدوار رانا شفیق کی انتخابی مہم کے سلسلے میں انکے حلقہ میں جاکر جلسہ بھی کیا لیکن بعدازاں رانا شفیق کو سونیا کے حق میں دستبردار ہونے کی ہدایت کی اور اعلان کیا کہ وہ آزاد امیدوار محترمہ سونیا کی حمایت کرتے ہیں۔ رانا شفیق نے اسے اپنی بے عزتی قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اور علی بابا کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ علی بابا نے نوائے وقت کو بتایا کہ تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) سے شکست کے خوف سے آزاد امیدوار کی حمایت کی ہے۔