داعش یہودی تنظیم دشمنوں کو شکست دینے کیلئے قومی سطح پر اتحاد ضروری ہے : علماء
چنیوٹ (نامہ نگار) مرکز ختم نبوت جامعہ عثمانیہ ختم نبوت چناب نگرکے زیراہتمام جامع مسجد شہداء ختم نبوت میں سالانہ ’’سیرت خاتم الانبیاء کا نفرنس‘‘ اسلام کی سربلندی، عقیدۂ ختم نبوت کیلئے پرعزم جدوجہد اور پاکستان کی سلامتی کیلئے دعائوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ حسب سابق کانفرنس کی پہلی نشست کا آغاز صبح 10 بجے قاری محمد عثمان کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد قاری احسن رضوان عثمانی نے ہدیہ نعت رسول مقبولؐ پیش کیا جس کے بعد کارروائی کا باقاعدہ آغاز کیا گیا جس میں مولانا قاری خلیل احمد سراج، قاری شبیر احمد عثمانی، مولانا منیر احمد علوی، قاری محمد سلمان عثمانی، قاری احسن رضوان عثمانی، قاری محمد ساجد، قاری محمد معیز صدیقی، قاری عبدالرحمان تبسم، مولانا محمد عثمان، محمد حنیف مغل اور متعدد دیگر رہنمائوں اور ممتاز شخصیات نے شرکت وخطاب کیا۔ ممتاز عالم دین مولانا قاری خلیل احمد سراج سابق مدرس مسجد نبوی (مدینہ منورہ) نے کہا داعش کا اسلام کے ساتھ کو ئی تعلق نہیں، یہ ایک یہودی تنظیم ہے جس کو یہودی مسلمانوں کیخلاف استعمال کر رہے ہیں اور اس کیلئے سعودی مفتی اعظم کا فتویٰ بھی آچکا ہے جس کی ہم تائید کرتے ہیں۔ داعش کی دہشت گردی کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا اسلام مکمل ضابطۂ حیات ہے جو انسانیت کے تمام مسائل کا حل پیش کرتا ہے۔ اللہ کے عطا کردہ نظام میں کسی قسم کی پیوند کاری سے ہمارے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ تحفظ ختم نبوت کا پلیٹ فارم تما م مکاتب فکر کیلئے مضبوط ترین قدر مشترک ہے، اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کو ہر حال میں شکست سے دوچار کرنے کیلئے قومی سطح پر اتحاد ویگانگت کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان کی حفاظت ہمارے ایمان اور جان کا حصہ ہے۔ انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے مرکزی نائب امیر مولانا قاری شبیر احمد عثمانی نے کہا پاکستان کی بنیاد اسلام پر رکھی گئی، اس میں سیکولر ازم کی کوئی گنجائش نہیں۔ عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے تمام جماعتیں متحد ہیں کوئی سیاسی قوت ختم نبوت جیسے قوانین ختم نہیں کرسکتی۔ آخرکار اسلام غالب آکر رہیگا، تمام مسلمان مکاتب فکر کی منزل ایک ہے، سب کا ماخذ قرآن وسنت ہے۔ داعش و دیگر لادین قوتیں پاکستان میں فرقہ واریت کو ہوا دے رہی ہیں۔ ہم پاکستان کی سالمیت کیلئے حکومت اور عسکری قیادت کے ساتھ ہیں، قاری محمد سلمان عثمانی، شبان ختم نبوت کے نائب امیر مولانا منیر احمد علوی نے کہا ختم نبوت کا دفاع ہمارا ایمان ہے۔ حضورؐ کی زندگی ہمارے لئے آئیڈیل اور عملی نمونہ ہے۔ حنیف مغل نے کہا آپ ؐ کی زندگی کا ہر ایک پہلو ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ آج ضرورت ہے ہم تمام مسلمان آپس میں متحد ہو کر اور اپنے تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے حضورؐ کی سیرت پر عمل پیرا ہو کر دشمنان رسول ؐ کیساتھ نمٹیں۔ قاری عبدالرحمان، قاری احسن رضوان، مولانا ریاض فاروقی و دیگر نے کہا ملک عزیز پاکستان جو ہمارا پیارا ملک ہے جس کے چپے چپے کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے، اسکی حفاظت ہم اپنی جانوں پر کھیل کر کریں۔ دہشت گردوں کا خاتمہ اہم سنگ میل ہے۔ ہم پاکستان میں امن و امان کے قیام کیلئے حکومت اور فوج کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر درج ذیل قراردادیں منظور کی گئیں۔ یہ اجتماع ملکی سلامتی کو درپیش بیرونی خطرات بالخصوص عالمی استعمار کی سازشوں کا ادراک کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے داعش کے نام پر پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی امریکی ویورپی حکمت عملی کو ناکام بنایا جائے تاکہ مستقبل قریب میں پاکستان کی سلامتی کو درپیش ممکنہ بیرونی خطرات کا سدباب ممکن ہوسکے۔ یہ اجتماع دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ ملک میں افراطِ زر کی بڑھتی ہوئی شرح اور حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں نے مہنگائی میں کئی گنا اضافہ کرکے غریب آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ حکمرانوں سے اصلاح احوال کا مطالبہ کرتا ہے۔ حکمران معاشی تحفظ نہیں دے سکتے تو عہدے چھوڑ دیں۔ یہ اجتماع مطالبہ کرتا ہے پاکستان کے آئین ودستور کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ مرتد کی شرعی سزا نافذ کی جائے اور پاکستان میں اسلامی نظام نافذ کرکے پاکستان کے قیام کے حقیقی مقاصد کی تکمیل کی جائے۔