’’ڈیوٹی ٹائم ختم‘‘ پائلٹ جدہ سے سیالکوٹ آنیوالی پرواز کراچی اتار کر گھر چلا گیا
کراچی (صباح نیوز) جدہ سے سیالکوٹ جانے والی قومی ائیر لائن کی پرواز کو اچانک کراچی اتار لیا گیا۔ مسافروں نے پی آئی انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج، نعرے بازی کی۔ پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق پرواز کو موسم کی خرابی کی وجہ سے کراچی اتارا گیا۔ مسافروں کے مطابق پرواز جدہ سے ہی ساڑھے 6 گھنٹے تاخیر کا شکار تھی جس کے بعد کراچی لینڈنگ دوہری پریشانی کا سبب بنی۔ ادھر پی آئی اے انتظامیہ نے کہا طیارے کو موسم کی خرابی کے باعث کراچی اتارا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز کے کپتان نے ڈیوٹی وقت ختم ہونے پر جہاز کراچی اتارا اور گھر چلا گیا جس کے بعد عملے نے طیارے کا اے سی بند کیا اور اس نے بھی گھر کی راہ لی۔ اے سی بند ہونے سے طیارے میں حبس کے باعث متعدد مسافروں کی حالت غیر ہوگئی۔