چیچہ وطنی: ڈلیوری کے دوران لیڈی ڈاکٹر غائب، نومولود دم توڑ گیا
چیچہ وطنی (نامہ نگار) تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ڈلیوری کیس کے دوران لیڈی ڈاکٹر شمائلہ وسیم نچلے عملہ کے سپرد خاتون کو چھوڑ کر خود غائب ہوگئی۔ زچہ بچہ کو تشویشناک حالت کے باعث لاہور منتقل کیا گیا جہاں بچہ چلڈرن ہسپتال میں دم توڑ گیا جس پر ورثا نے شدید احتجاج کیا۔ گائوں 175/9-L کا جواد حسین دو روز قبل بیوی شمس طاہرہ کو ڈلیوری کے سلسلے میں ہسپتال کے زچہ بچہ سنٹر لیکر آیا جہاں لیڈی ڈاکٹر شمائلہ وسیم نے اسے چیک کیا اور دوران ڈلیوری خود غائب ہوگئی تاہم پیدا ہونیوالا بچہ اور اسکی ماں کی حالت بگڑ گئی جبکہ بچے کی ناک اور پیشانی پر زخموں کے نشان بھی موجود ہیں جسے ورثا لاہور چلڈرن ہسپتال لے گئے جہاں بچہ دم توڑ گیا جس پر ورثا نے ٹی ایچ کیو ہسپتال پہنچ کر لیڈی ڈاکٹر شمائلہ وسیم کیخلاف شدید احتجاج کیا۔ ایم ایس محمود اختر ملک نے فوری طور پر ورثا سے مذاکرات کے بعد سینئر ڈاکٹر شکور الرحمن اور ڈاکٹر محمد سلیم پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔