ذاتی، سیاسی معاملات کی وجہ سے وفاق کو نقصان نہیں پہنچا سکتے: چانڈیو
حیدر آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا ہے ذاتی اور سیاسی معاملات کی وجہ سے وفاق کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ رینجرز اختیارات سے متعلق وفاق کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ایسی کوئی بات نہیں کرنا چاہتے جس سے وفاق کو نقصان ہو۔ سندھ میں امن کیلئے آئین کے مطابق بات ہو گی۔ عمران خان نے مجھے سندھ کا مولاجٹ کہا ہے وہ جو کہیں خوشدلی سے قبول ہے میں نے عمران خان کو کبھی دہشت گرد نہیں کہا۔ انہوں نے کہا معاملہ کسی ایک آدمی کا نہیں ہے بلکہ ملکی سلامتی کا ہے۔ پہلے بھی وفاق کی حمایت کی تھی اور اب بھی کرتے رہیں گے۔ ہم نے سندھ کارڈ کبھی استعمال نہیں کیا بلکہ آئین میں رہ کر بات کی ہے۔ ملکی وسائل پر سب کا حق ہے۔ انہوں نے کہا ایسی کوئی بات نہیں کی جس سے یہ تاثر جائے ہم علیحیدگی چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا اپنا ملک ہے، اپنے ادارے ہیں، اپنے لوگ ہیں، اپنے حق کیلئے بات کریں گے۔ ریاست ماں کے جیسی ہوتی ہے، اپنی ماں سے کچھ مانگنا جرم نہیں۔ انہوں نے کہا بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پیپلز پارٹی نے ’’پاکستان کھپے‘‘ کا نعرہ لگایا جبکہ بی بی کے بچوں نے بھی ’’پاکستان کھپے‘‘ کا نعرہ لگایا۔ ہم کوئی ایسی بات نہیں کریں گے جس سے وفاق دشمن قوتوں کو طاقت ملے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا عمران خان پر کوئی الزام نہیں لگایا۔ عمران خان نے خود طالبان کے علاج کی تصدیق کی۔ رعایت دیں گے تو پھر کوئی اور بھی رعایت مانگے گا۔ آپ کو ایک شکریہ کا خط آیا۔ ہو سکتا ہے باقی لوگوں نے شکریہ نہ کیا ہو۔