ایران کیساتھ بڑھتی کشیدگی، سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان ملتوی
اسلام آباد (جاوید صدیق+ وقائع نگار خصوصی) سعودی عرب اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی سعودی وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر کے دورہ پاکستان کے موخر ہونے کا سبب بنی۔ معتبر سفارتی ذرائع کے مطابق سعودی وزیر خارجہ دہشت گردی کے خلاف 34 اسلامی ملکوں کے اتحاد اور پاک سعودی تعلقات پر اہم بات چیت کرنے کیلئے اسلام آباد آ رہے تھے لیکن سعودی عرب میں دہشت گردوں خاص طور پر شیخ باقر النمر کو سزائے موت دیئے جانے کے بعد تہران اور ریاض کے درمیان اچانک کشیدگی میں اضافہ کے باعث سعودی وزیر خارجہ کا دورہ موخر ہو گیا۔ وقائع نگار خصوصی کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کے دورے کو موخر کرنے کی درخواست سعودی عرب نے کی۔ سعودی وزیر خارجہ کا دورہ منسوخ نہیں ہوا بلکہ ملتوی ہوا ہے۔ صباح نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا وہ اب 7 جنوری کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔