• news

سیدھے سادے لوگ ہیں وفاقی حکومت کی چالوں کو نہیں سمجھ سکتے: پرویز خٹک

پشاور (این این آئی) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے پاک چائنا اقتصادی راہداری شاہراہ کے منصوبہ پر خیبر پی کے کے تحفظات کے سلسلے میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ پرسوں 6 جنوری کو وہ پشاور آرہے ہیں، تاہم ہم اپنے اس موقف پر ڈٹے ہیں کہ سنٹرل اکنامک کاریڈور میں جو مراعات، سہولیات پنجاب اور دیگر صوبوں کودی جارہی ہیں وہی مراعات ہمیں دینی ہوںگی۔ ہم محض سڑک کی تعمیرکوتسلیم نہیں کریں گے، ہمیںاپنا حق لینا آتا ہے وفاق چھوٹے صوبوں کو انکا حق دے۔ تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت نے ایزی لوڈ ، کمیشن خوری اور ایس ایم ایس کلچر کا خاتمہ کردیا ہے اسلئے ہمارے ترقیاتی منصوبے دیرپا اور معیاری ہوں گے جبکہ چند سال پہلے بننے والی سڑکیں اب کھنڈر بن چکی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کینٹ ، نواں کلے نوشہرہ کلاں اور خویشگی پایاں میں منعقدہ جلسوں میں بطور مہمان خصوصی خطاب اور دو ٹی وی چینلز کواپنے خصوصی انٹرویوز میں کیا۔ نوشہرہ کینٹ کے جلسے میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما اسلم شاہ اور انکے ساتھیوں جبکہ خویشگی پایاں کے جلسے میں اے این پی کے متعدد رہنمائوں نے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ بجلی کے خالص منافع کی ادائیگی کے حوالے سے مرکز کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ منافع 6 ارب سے 18 ارب 70 کروڑ روپے ہوچکا ہے۔ اسکے علاوہ بقایاجات کی مد میں بھی 101 ارب روپے وفاق نے ہمیں دینے ہیں۔ اضافی گیس کے حوالے سے مرکز سے بات چیت جاری ہے۔ انہوںنے کہا ہمارا صوبہ حالت جنگ میں ہے جو ایک بین الاقومی جنگ ہے تاہم صوبائی حکومت امن کے قیام کیلئے بھر پور کوششیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا راہداری منصوبے کیلئے صرف سڑک نہیں چاہئے ہری پور سے ڈی آئی خان روٹ پر ایک اینٹ نہیں لگائی گئی۔ بجلی کی فراہمی کے بغیر انڈسٹری کیسے ترقی کرے گی۔ راہداری منصوبے کے معاہدے کو پارلیمنٹ میں نہیں لایا گیا سیدھے سادھے لوگ ہیں، وفاقی حکومت کی چالوں کو نہیں سمجھ سکتے۔ وزیراعظم نے میری باتوں کا ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا۔ وفاقی حکومت کو ہمارے حقوق دینے پڑیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن