• news

حکومت راہداری کو متنازعہ بنا رہی ہے، تحفظات دور کرے: عمران خان

لاہور(آئی این پی) تحر یک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ حکمران کر پشن اور لوٹ مار ختم کر نے کی بجائے کر پٹ افراد کے محافظ بنے ہوئے ہیں‘ حکمرانوں کو کسی صورت ملک میں ’’ون مین‘‘ شو نہیں چلانے دیں گے ‘حکمران ضد اور ہٹ دھرمی کے ذریعے کالا باغ ڈیم کی طرح اقتصادی راہداری منصوبے کو بھی متنازعہ بنارہے ہیں ‘ خیبر پی کے کی تمام جماعتیں اقتصادی راہداری کے خلاف ہیں‘ آئندہ دو تین ماہ میں تحریک انصاف کے پارٹی انتخابات ہوجائیں گے جس سے تحریک انصاف مزید مضبوط ہوگی۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران عمران خان نے کہا کہ ملک میں پیپلزپارٹی‘ (ن) لیگ اور مولانا فضل الرحمن جیسے لوگوں نے کرپشن اور لوٹ مار کی دولت بچانے کیلئے یونین بنا رکھی ہے مگر تحریک انصاف ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف پہلے دن سے جنگ لڑ رہی ہے۔ وزیر اعظم نوازشریف خود بھی ٹیکس نہیں دیتے اس لیے ٹیکس چوروں اور کالے دھن کا کاروبار کرنیوالوں کو تحفظ دینے میں بھی پیش پیش ہیں۔ حکومت اقتصادی راہداری منصوبے کو متنازعہ بنارہی ہے اس منصوبے پر خیبر پختونخواہ سمیت دیگر صوبوں اور سیاسی جماعتوں کے بہت سے تحفظات ہیں جن کو ہر صورت دور کیا جانا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن