• news

حکومت کیخلاف میدان میں نکلنے کا وقت آ گیا، مارچ میں رابطہ عوام مہم چلائینگے: سراج الحق

لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی شوریٰ نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم تا 31مارچ 2016ء ملک بھر میں ’’رابطہ عوام مہم‘‘ چلائی جائیگی۔ اس مہم کی تھیم ’’کرپشن فری پاکستان‘‘ ہوگی۔ تنظیمی سطح پر 2016ء کو نوجوانوں کے سال کے طور پر منظم کیا جائے گا۔ اس سال 10لاکھ نئے نوجوانوں کو تحریک اسلامی سے جوڑنے کی کوشش کی جائے گی ۔ 6 جنوری کو حکومت کی نجکاری پالیسی کے خلاف کراچی میں تمام مزدور تنظیموں کا مشترکہ کنونشن ہوگا جس میں خود شرکت کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مجلس شوریٰ کے سہ روزہ اجلاس کے اختتامی سیشن اور بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے خلاف میدان میں نکلنے کا وقت آگیا ہے۔ حکومت نے تین سال میں اپنے انتخابی وعدوں پر عمل کیا نہ آئین پاکستان کی پاسداری کی۔ حکومت ایمنسٹی جیسی سکیموں سے عام آدمی کو کرپشن کی دعوت دے رہی ہے، حکمرانوں نے ایمنسٹی سکیم سے مشرف کے این آر اوکی تقلید کرکے کرپٹ اشرافیہ کو نوازا۔ انہوں نے کہاکہ پٹھان کوٹ حملے میں بھارت کی طرف سے پاکستان کو ملوث کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، کرپشن کے خلاف بڑی قومی تحریک اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، دولت کے بل بوتے پر اشرافیہ کے چند خاندان 68سال سے عوام کی گردنوں پر سوار ہیں، حکومت پیپلز پارٹی، مسلم لیگ کی ہو یا مارشل لاء انہی لوگوں کے وارے نیارے ہوتے ہیں، انتخابی نظام کے کھوکھلے ہونے کی بناء پر دھاندلی، دھونس اور روپے کے عمل دخل نے اسے چند سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے ہاتھوں میں کھلونا بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا سال رواں میں ملک بھر میں کارکنان جماعت کی تعداد کو دوگنا کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی یوتھ کے تحت اگست 2016ء میں کراچی تا پشاور ’’جیوے پاکستان کاروان ‘‘چلایا جائے گا۔ضلعی و تحصیل سطح پر خواتین کی تنظیم سازی مکمل کی جائے گی۔ اسکے علاوہ اقلیتی ونگ کو منظم کرنے کیلئے مرکز، صوبوں اور اضلا ع کی سطح پر نگران شعبہ کا تقرر کیا جائے گا۔قرآن فہمی و احیائے سنت کے مختلف پروگراموں کے ذریعے 50لاکھ مرد وخواتین کی تعلیم و تربیت کی جائے گی۔ دریں اثناء مجلس شوریٰ اجلاس میں روائت سے ہٹ کر پہلی بار کسی غیرمنتخب شخصیت کو نہ صرف اجلاس میں شرکت کا موقع دیا گیا بلکہ انہیں خطاب کی دعوت بھی دی گئی۔کوٹ مٹھن شریف کے سجادہ نشین خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے شوریٰ کے اجلاس میں شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی دیانتدار لوگوں کی جماعت ہے جس کے کسی ممبر پر آج تک کرپشن کا کوئی دھبہ تلاش نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے اس عزم اور خواہش کا اظہار کیا کہ وہ جماعت اسلامی اور اولیاء کی درگاہوں کے سجادہ نشینوں کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن