آزاد کشمیر پر بھارتی حملے کا خطرہ ہے، مودی کے دورہ پاکستان پر جلد اے پی سی بلائیں گے: سردار یعقوب
راولاکوٹ (آن لائن) صدر آزاد کشمیر محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ مودی کے دورہ پاکستان کے بعد آر پار کے کشمیریوں کی آل پارٹیز کانفرنس جلد بلائی جائے گی ،خدشہ ہے کہ کہیں مودی اس دورے کے بعد کوئی نئی چال نہ چل دیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس طرف دیکھیں کشمیر پر بریک تھرو اور کسی بھی پیش رفت کے حوالہ سے کشمیری قیادت کو اعتماد میں لینا چاہیے میں نے پہلے بھی دو تین مرتبہ نواز شریف کو کہا تھا کہ کشمیری قیادت کو اعتماد میں لیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر نے ایک انٹر ویو میں کیا ۔انھوں نے کہا کہ نواز شریف اور جنرل راحیل کی دلیری سے دہشت گردی ختم ہو چکی ، شہدائے آرمی سکول کا مقدس خون رائیگاں نہیں گیا۔ صدر زرداری کی کرپشن کے الزامات میں کیسوں سے بریت اس بات کا ثبوت ہے کہ سازش کے تحت ہمارے قائد کو بد نام کرنے کیلئے ان کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کیا گیا۔ نریندر مودی دورِجدید کا ہٹلر ہے بھارتی عوام کے لیے آخری موقع ہے کہ وہ مودی سے جان چھڑائیں اور کشمیریوں سمیت خالصتان کے حامیوں اور دلتوں کو انکا حق آزادی دلائیں اگر ایسا نہ ہوا تو بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیگا مودی بھارت کا گورباچوف ثابت ہو گا بھارت کی طرف سے آزاد کشمیر پر حملے کا خطرہ موجود ہے لیکن اگر اس نے یہ غلطی کی تو آزاد کشمیر اس کے لیے قبرستان ثابت ہو گا۔